جمعرات, جنوری 2, 2025
اشتہار

فتنہ الخوارج کیخلاف قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے، آرمی چیف

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ قوم فتنہ الخوارج اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں جام شہادت نوش کرنے والے میجر محمد حسیب کی نماز جنازہ  چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وفاقی وزیر، اعلیٰ عسکری و سول حکام اور شہید کے لواحقین نے شرکت کی۔

آرمی چیف نے کہا کہ جوانوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف ملکی دفاع کے لیے غیرمتزلزل عزم کا ثبوت ہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا تھا اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد مارے گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کا بتانا تھا کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کی گاڑی دیسی ساختہ بم کی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں میجر محمد حسبیب اور حوالدار نور احمد شہید ہوئے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ میجر محمد حسیب شہید کا تعلق ضلع راولپنڈی سے ہے اور ان کی عمر 28 سال ہے، میجر محمد حسیب نے 8 سال 6 ماہ تک دفاع وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق میجر محمد حسیب شہید کے سوگواران میں والدین اور بہن، بھائی شامل ہیں۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ 38 سالہ حوالدار نور احمد شہید کا تعلق ضلع بارکھان سے ہے، انہوں نے 14 سال تک وطن عزیز کا دفاع کیا، نور احمد شہید کے سوگواران میں اہلیہ، تین بیٹے اور بیٹی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں، بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

Comments

اہم ترین

لئیق الرحمن
لئیق الرحمن
لئیق الرحمن دفاعی اور عسکری امور سے متعلق خبروں کے لئے اے آروائی نیوز کے نمائندہ خصوصی ہیں

مزید خبریں