جمعرات, مارچ 6, 2025
اشتہار

فتنہ الخوارج سمیت دہشتگرد گروہ افغان سرزمین سے کارروائیاں کر رہے ہیں، آرمی چیف

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا بنوں کینٹ پر دہشتگردانہ حملے پر کہنا ہے کہ فتنہ الخوارج سمیت دہشتگرد گروہ افغان سرزمین سے کارروائیاں کر رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بنوں کینٹ کا دورہ کیا جہاں انہیں سکیورٹی صورتحال اور جاری آپریشنز پر بریفنگ دی گئی۔

سپہ سالار نے سی ایم ایچ کا بھی دورہ کیا جہاں زخمی جوانوں کی عیادت، ان کے عزم اور حوصلے کی تعریف کی۔ انہوں نے شہید سویلنز کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

یہ بھی پڑھیں: دہشتگردی کے پیچھےایک منظم غیر قانونی اسپیکٹرم ہے: آرمی چیف

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج دہشتگردی کے خلاف سیسا پلائی دیوار کا کام کرتی رہے گی، پاک فوج ریاست کی سکیورٹی اور استحکام کو یقینی بنائے گی، حملہ آوروں کو جوانوں نے انجام تک پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ گھناؤنے حملے کے منصوبہ سازوں اور سہولتکاروں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، منصوبہ ساز اور سہولتکار چاہے کہیں بھی ہوں کٹہرے میں لایا جائے گا، بچوں، خواتین اور بوڑھوں کو نشانہ بنانے پر خوارج کے حقیقی عزائم بے نقاب ہوگئے، شہریوں کو نشانہ بنانا خوارج کی اسلام دشمنی کا ثبوت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے خلاف جنگ منطقی انجام تک پہنچائیں گے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قومی اتحاد ناگزیر ہے، افواج عوام کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی۔

آرمی چیف نے کہا کہ فتنہ الخوارج سمیت دہشتگرد گروہ افغان سرزمین سے کارروائیاں کر رہے ہیں، افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشتگردانہ کارروائیاں جاری ہیں۔

’حالیہ دہشتگرد حملوں میں غیر ملکی ہتھیاروں اور آلات کا استعمال ہوا، غیر ملکی ہتھیاروں کا استعمال ثبوت ہے افغانستان ایسے عناصر کی محفوظ پناہ گاہ ہے، کسی کو بھی پاکستان کے امن و استحکام میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔‘

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں