ہفتہ, فروری 1, 2025
اشتہار

مسلح افواج قابل فخر قوم کے تعاون سے دوست نما دشمنوں کو مسترد کر دیں گے، آرمی چیف

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ملک دشمن عناصر کو واضح پیغام دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ مسلح افواج قابل فخر قوم کے تعاون سے دوست نما دشمنوں کو مسترد کر دیں گے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بلوچستان کا دورہ کیا جہاں انہیں صوبے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں اعلیٰ عسکری اور انٹیلیجنس حکام نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: قوم کی حمایت سے افواج ہر خطرے کا بھرپور اور مؤثر مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں، آرمی چیف

سپہ سالار نے گورنر اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ شہدا کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور سی ایم ایچ کوئٹہ پہنچ کر زخمیوں کی عیادت کی۔ انہوں نے ہر قیمت پر وطن عزیز کے دفاع کیلیے جوانوں کے عزم کو سراہا۔

جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ غیر ملکی آقاؤں کے آلہ کار جو دہشتگردی میں ملوث ہیں ان سے آگاہ ہیں، یہ عناصر منافقت کا دہرا معیار اپنا کر در پردہ دوسری طرف سے کھیل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہر قیمت پر دوست نما دشمنوں کی سازش ناکام بنائیں گے، دوست نما دشمن کچھ بھی کر لیں انہیں قوم اور مسلح افواج کے سامنے شکست ہوگی، مادر وطن اور عوام کے دفاع کیلیے ہم یقیناً جواب دیں گے، جب بھی ضرورت پڑی دشمنوں کا قلع قمع کریں گے۔

آرمی چیف نے فوج، ایف سی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور سکیورٹی اولین ترجیح ہے، پاک فوج بلوچستان میں امن اور ترقی کیلیے صوبائی حکومت کی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔

جنرل عاصم منیر کا مزید کہنا تھا کہ مادر وطن کیلیے ہر قیمت چکانے کیلیے تیار ہیں، دشمن عناصر کو تعاقب کر کے نشانہ بنائیں گے، ان شاء اللہ۔

اہم ترین

لئیق الرحمن
لئیق الرحمن
لئیق الرحمن دفاعی اور عسکری امور سے متعلق خبروں کے لئے اے آروائی نیوز کے نمائندہ خصوصی ہیں

مزید خبریں