لندن: آرمی چیف آف اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ پاکستانی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے میچ دیکھنے اسٹیڈیم پہنچے۔
تفصیلات کے مطابق لندن کے تاریخی اسٹیڈیم لارڈز میں پاکستان اور جنوبی افریقا کی ٹیموں کے مابین ورلڈکپ کا تیسواں میچ کھیلا جارہا ہے دونوں ٹیموں کو آگے کا سفر جاری رکھنے کے لیے آج کے میچ میں فتح حاصل کرنا ضرور ہے۔
لندن میں موجود آرمی چیف آف اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ برطانوی وزیرخارجہ جیریمی ہنٹ کے ہمراہ قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے اسٹیڈیم پہنچے، شائقین نے سپہ سالار کو اپنے درمیان پایا تو لارڈز کا گراؤنڈ پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا۔
آرمی چیف کے ساتھ میجر جنرل آصف غفور ، چیئرمین پی سی بی احسان مانی، نجم سیٹھی بھی اسٹیڈیم میں موجود ہیں، علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان کے صاحبزادے سلیمان خان بھی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے لارڈز پہنچے۔
مزید پڑھیں: پاک بھارت میچ، کون سی نامور شخصیات گراؤنڈ پہنچیں
پاکستان کا میچ دیکھنے کے لیے آج وزیراعظم عمران خان کے صاحبزادے سلیمان خان، پی سی بی چیئرمین احسان مانی اور سابق پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی بھی اسٹیڈیم میں موجود ہیں۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کے ورلڈ کپ میچ میں لارڈر کا گراؤنڈ آج لاہور کے قذافی اسٹیڈیم کا منظر پیش کر رہا ہے جو پاکستانی کرکٹ مداحوں سے بھرا ہوا ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 16 جون پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مانچسٹر ساؤتھ ہمپٹن میں مدمقابل تھیں، ورلڈکپ کے سب سے بڑے میچ میں قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے شاہ محمود قریشی، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار سمیت دیگر اہم شخصیات اسٹیڈیم پہنچیں تھیں، بدقسمتی سے پاکستان کو میچ میں بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔