جمعہ, اکتوبر 11, 2024
اشتہار

کینسر کے مرض میں مبتلا بچیاں وطن کے دفاع میں کھڑی ہوگئیں… پاک فوج میں‌ شمولیت، ویڈیو دیکھیں

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی: آرمی چیف آف اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کینسر کے موذی مرض میں مبتلا دو بچیوں کی خواہش پوری کردی۔ جویریہ اور روبا نے ایک روز کے لیے پاک فوج میں شمولیت اختیار کی جس کی ویڈیو سامنے آگئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیاہے کہ کینسر میں مبتلا دو بچیوں جوریہ اور روبا نے جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان آرمی کا سپاہی بننے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

آرمی چیف نے دونوں بچیوں کی خواہش پوری کرنے کے لیے کور کمانڈر لاہور کو ہدایت کی، دونوں بچیاں پاک فوج کی وردی زیب تن کیے کورکمانڈر آفس آئیں جہاں اُن کا استقبال خود کور کمانڈر نے کیا۔

- Advertisement -

بعد ازاں دونوں بچیوں نے کور کمانڈر لاہور کے ہمراہ یادگارِ شہدا پر مکمل پروٹوکول کے ساتھ حاضری دی اور پھولوں کی چادر بھی چڑھائی، اس موقع پر انہوں نے شہدا کو روایتی سلیوٹ بھی پیش کیا۔

بعد ازاں اروبا اور جویریہ نے آرمی میوزیم کا دورہ بھی کیا اور کورکمانڈر نے انہیں دفتر میں بیٹھا کر بات چیت بھی کی۔ اس موقع پر آئی ایس پی آر کی جانب سے ویڈیو بھی شیئر کی گئی۔

یاد رہے دسمبر 2017 میں آرمی چیف آف اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دو گھنٹے میں ہی پنجاب کے دارالحکومت میں واقع چلڈرن اسپتال میں داخل بچے کی خواہش پوری کی تھی۔

لاہور کے چلڈرن اسپتال میں داخل نویں جماعت کے طالب علم احسن حسین نے آرمی چیف آف اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے مدد کی اپیل کی تھی، مذکورہ بچے نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا تھا جس میں اُس کا کہنا تھا کہ ’میں چلڈرن اسپتال میں داخل ہوں اور ڈاکٹرز کے مطابق میرا دل صرف 20 فیصد کام کررہا ہے‘۔

مریض بچے نے اپیل کی تھی کہ ’میں وینٹی لیٹر پر ہوں اور ڈاکٹر نے دل کا ٹرانسپلانٹ کرنے کا مشورہ دیا ہے، اس کے اخراجات ہم برداشت نہیں کرسکتے، میں آپ سب کا انتظار کررہا ہوں‘۔

بچے کا ویڈیو پیغام جاری ہوئے ابھی دو گھنٹے ہی ہوئے تھے کہ کورکمانڈر لاہور آرمی چیف کی ہدایت پر احسن سے ملنے اسپتال پہنچ گئے اور مریض کو فوری طور پر سی ایم ایچ لاہور منتقل کر کے بہترین علاج کی ہدایات دیں۔

آرمی چیف کی ہدایت پر کور کمانڈر کی آمد کا سُن کر بچے اور اُس کے اہل خانہ کی آنکھیں خوشی سے بھر آئیں اور انہوں نے سپہ سالار کا تہہ دل سے شکریہ بھی ادا کیا تھا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں