راولپنڈی : پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کی والدہ کی نماز جنازہ راولپنڈی میں ادا کر دی گئی۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اپنی والدہ کی نماز جنازہ خود پڑھائی، نماز جنازہ میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف سمیت اعلیٰ عسکری و سول حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر سابق وزیراعظم نواز شریف، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق خواجہ آصف، محسن نقوی، راناثنااللہ، طارق فضل چوہدری، حنیف عباسی، امیر مقام، اے آر وائی نیٹ ورک کے سی ای او سلمان اقبال اور دیگر اہم شخصیات نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔
اس کے علاوہ سابق آرمی چیف قمر باجوہ، اشفاق پرویزکیانی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفرازبگٹی وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق، گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی بھی شریک ہوئے۔
نماز جنازہ کے موقع پر ملکی قیادت نے جنرل سید عاصم منیر سے دلی تعزیت کا اظہار کیا اور ان کی والدہ کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی، جنازے میں سینئر سیاسی و عسکری شخصیات کے علاوہ عوام کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرکی والدہ کی وفات خبر سن کر سینئر سیاسی و عسکری شخصیات نے اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے درجات کی بلندی کیلیئے دعا کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ سوگوار خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
جبکہ اے آر وائی فیملی نے بھی آرمی چیف سے والدہ ماجدہ کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کیا، مرحومہ کے ایصال ثواب اور سوگواران کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔