راولپنڈی: مسلح افواج نے افغانستان سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی دہشتگرد کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کر دیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ژوب حملے میں زخمی ہونے والے جوانوں کی عیادت کی اور حملے کے شہدا کو بھرپور انداز میں خراج عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر نے جاری کردہ بیان میں بتایا کہ دورے کے موقع پر آرمی چیف عاصم منیر کو حالیہ دہشتگرد حملوں پر بریفنگ دی گئی، اس دوران مسلح افواج نے افغانستان سے ٹی ٹی پی کی دہشتگرد کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ افغانستان میں ٹی ٹی پی محفوظ ٹھکانے موجود ہے، توقع ہے کہ افغان حکومت اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گی، حکومت دوحہ معاہدے پر عمل درآمد یقینی بنائے۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی میں افغان شہریوں کی شمولیت پر تشویش ہے، اس امر کو فوری طور پر حل کیا جانا چاہیے، یہ دہشتگرد حملے ناقابلِ قبول ہیں۔
سپہ سالار نے کہا کہ مسلح افواج کے مؤثر اقدامات کے نتیجے میں یہ حملے ہو رہے ہیں، دہشتگردوں کے خلاف آپریشنز جاری رہیں گے، مسلح افواج دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گی۔