راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیالکوٹ گیریژن کا دورہ کیا اور افسران و جوانوں کے بلند حوصلے کو سراہا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیالکوٹ گیریژن کا دورہ کیا اس موقع پر کور کمانڈر لیفٹینںٹ جنرل عاصم منیر نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف کو ورکنگ باؤنڈری کی صورت حال اور آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گیریژن افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور مادر وطن کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے عزم، پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔
مزید پڑھیں: آرمی چیف کا کوئٹہ کا دورہ، سانحہ مچھ کے لواحقین سے ملاقات
واضح رہے کہ 13 جنوری کو آرمی چیف کوئٹہ کے دورے پر پہنچے تھے جہاں انہوں نے سانحہ مچھ کے لواحقین سے ملاقات کی تھی۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے، بلوچستان میں ترقی سے ملک میں ترقی ہوگی، ملک دشمن قوتوں کو انتشار پھیلانے میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے گیریژن افسران سے بھی خطاب کیا، آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دشمن عناصر اسٹریٹیجک صلاحیت کے بلوچستان پر نظریں جمائے ہوئے ہیں، صوبے کی سیکیورٹی، استحکام اور ترقی یقینی بنائیں گے۔