ہفتہ, مئی 18, 2024
اشتہار

بھارت معصوم پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے، آرمی چیف

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا کہنا ہے کہ بھارت معصوم پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے، پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ کیلیے ایسے تمام عزائم خاک میں ملا دے گا۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مظفر آباد آزاد کشمیر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایل او سی پر اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی۔

آرمی چیف نے مظفر آباد میں یاد شہدا پر حاضری دی اور پھول رکھے۔ انہوں نے شہدا کی قربانیوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ نگراں وزیر اعظم اور وزیر اعظم آزاد کشمیر نے بھی مظفر آباد میں یاد شہدا پر حاضری دی اور پھول رکھے۔

- Advertisement -

آئی ایس پی آر کے مطابق قیادت نے کہا کہ کشمیریوں کا غیر متزلزل عزم اور جدوجہد مثالی ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی اور سکیورٹی بحران خطے میں امن و استحکام کیلیے خطرہ ہیں، پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھے گا۔

قیادت نے کہا کہ پاکستان سلامتی کونسل قراردادوں کے مطابق تنازع کشمیر کے حل کی حمایت جاری رکھے گا، بھارت مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی اور انتظامی حیثیت تبدیل کر رہا ہے، بھارت زبردستی مقبوضہ کشمیر میں بہیمانہ قوانین نافذ کر رہا ہے، ایسے جبر اور بربریت سے کشمیریوں کی جدوجہد کو دبایا نہیں جا سکتا۔

اس موقع پر آرمی چیف کو ایل او سی کی تازہ ترین اور آپریشنل صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ جنرل عاصم منیر نے ایل او سی پر تعینات جوانوں کے عزم و حوصلے کو سراہا۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج ہر طرح کے خطرے سے نمٹنے کیلیے تیار ہے، فوج ہر جارحیت کا پوری طاقت سے جواب دے گی۔

جنرل عاصم منیر نے کہا کہ بھارت معصوم پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے، بھارتی ریاستی دہشتگردی بین الاقوامی قوانین اور اقتدار کے منافی ہیں، بھارت کی دیگر ممالک کے امور میں مداخلت بے نقاب ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا شرمناک چہرہ دنیا کے سامنے آ چکا ہے، پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ کیلیے ایسے تمام عزائم خاک میں ملا دے گا۔

Comments

اہم ترین

لئیق الرحمن
لئیق الرحمن
لئیق الرحمن دفاعی اور عسکری امور سے متعلق خبروں کے لئے اے آروائی نیوز کے نمائندہ خصوصی ہیں

مزید خبریں