راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ کراچی کی تاجر برادری نے ہمیشہ قدرتی آفات میں بڑھ چڑھ کر مدد کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے کراچی میں تاجروں سے ملاقات کی، ملاقات میں پاک فوج کے سپہ سالار نے کہا کہ کاروباری برادری نے ہمیشہ قدرتی آفات میں بڑھ چڑھ کرمدد کی اور موجودہ صورت حال میں بھی سیلاب متاثرین کی مدد میں پیش پیش ہے۔
آرمی چیف سے ملاقات میں تاجربرادری نےمعاشی خوشحالی کے محفوظ ماحول کی فراہمی پرپاک فوج کاشکریہ ادا کیا، تاجر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ملک میں محفوظ ماحول کی فراہمی کیلئے پاک فوج کاکرداراور قربانیاں لائق تحسین ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر تاجر برادری نے آرمی چیف کو سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئےہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
یہ بھی پڑھیں: جاپان کےساتھ باہمی تعلقات کو فروغ دینے کےخواہاں ہیں،آرمی چیف
آئی ایس پی آر کے مطابق اس سے قبل جنرل قمر جاوید باجوہ نے بدین کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور بدین اورگردونواح میں سیلاب کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران آرمی چیف نے ریلیف اینڈ ریسکیو میں مصروف جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے حوصلے کی تعریف کی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف نے دورہ بدین کے موقع پر سیلاب متاثرین سے بھی ملاقات اور آرمی ریلیف میڈیکل کیمپ میں ان کے ساتھ وقت گزارا۔