منگل, جنوری 14, 2025
اشتہار

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی محکمہ خارجہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات کی۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ اپنے دورہ امریکا کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کا دورہ کیا۔ آرمی چیف نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے بھی ملاقات کی۔

- Advertisement -

آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف اور امریکی وزیر خارجہ کی ملاقات میں علاقائی سیکیورٹی اور افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں امریکی اور پاکستانی قیادت کی ملاقات کے پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا، ملاقات میں افغان قیادت میں افغان کنٹرولڈ حل پر بھی زور دیا گیا۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ مضبوط باہمی تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، یہ تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ اقدار پر مبنی ہونےچاہیئں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز آرمی چیف نے امریکی دفاعی ہیڈ کوارٹر پینٹا گون کا دورہ کیا تھا جہاں ان کا تاریخی استقبال ہوا اور انہیں 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

آرمی چیف نے امریکی قائم مقام وزیر دفاع سمیت چیف آف جوائنٹ چیفس آف اسٹاف سے ملاقات کی، اس موقع پر افغان امن عمل سمیت خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔

انہوں نے امریکی چیف آف اسٹاف جنرل مارک اے ملی سے بھی ملاقات کی اور خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں