اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

ملک بھر میں سردی نے پنجے گاڑ لیے، کراچی میں مزید سرد ہواؤں کی پیشگوئی

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی / کوئٹہ / لاہور : ملک بھر میں سردی نے پنجے گاڑ لیے، کراچی میں سرد ہواؤں نے شہریوں کو گھروں میں رہنے پر مجبور کردیا، ملک کے بالائی علاقوں میں بارش وبرفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی تا خیبر اور گوادر سے گلگت تک شدید سردی نے پنجے گاڑ لیے، کوئٹہ میں موسم سرما کی پہلی برف باری نے شہریوں کی قلفی جمادی۔

کراچی میں سائبرین ہواؤں سے سردی شدید ہوگئی۔ محکمہ موسمیات نے چار جنوری تک سردی کی لہر برقرار رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

ملک بھر میں جاڑے نے دھوم مچادی، سردی سے سب کپکپانے لگے، بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ کالام میں ایک انچ برف پڑی، درجہ حرارت منفی چار ریکارڈ کیا گیا، برف پوش وادی اسکردو، استور، ہنزہ میں منفی درجہ حرارت نے جسم میں برف سی بھردی۔

بلوچستان میں بھی موسم ٹھنڈا ٹھار رہا، کوئٹہ میں موسم سرما کی پہلی برفباری نے سردی کی شدت بڑھادی،  خون جما دینے والی سردی نے ہر شے منجمد کر دی۔

اس کے علاوہ کراچی میں بونداباندی کے بعد سائیبریا کی ہواؤں سے سردی شدید ہوگئی اور شہریوں کے دانت بجنے لگے۔ کراچی میں درجہ حرارت نو ڈگری تک گرگیا، محکمہ موسمیات نے پارہ مزید گرنے کی پیش گوئی کردی ہے۔

لاہورسمیت پنجاب میں شدید سردی کے ساتھ دھند کا روگ برقرار ہے۔ فیصل آباد، گوجرہ، خانیوال، ملتان، پتوکی، اوکاڑہ، ساہیوال میں حد نگاہ کم ہونے سے مختلف شاہراہوں اور موٹر ویز پر ٹریفک رک گیا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں