تازہ ترین

بغیر سیٹوں والے جہاز میں سستا فضائی سفر

فضائی سفر ایک مہنگا مگر پرتعیش ذریعہ سفر ہے اور یہی اس کے مہنگے ہونے کی وجہ بھی ہے، تاہم ایک کمپنی فضائی سفر کو سستا بنانے کے لیے بغیر سیٹوں والا ہوائی جہاز بنانے پر غور کر رہی ہے جس میں مسافر کھڑے ہو کر سفر کر سکیں گے۔

جنوبی امریکی ملک کولمبیا کی ایک ایئر لائن متوسط طبقے کو بھی فضائی سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے بغیر سیٹوں والا جہاز بنانے پر غور کر رہی ہے۔

گو کہ ابھی اس بات پر سائنسی تحقیق کی جارہی ہے کہ آیا کھڑے ہو کر فضائی سفر کرنا ممکن بھی ہے یا نہیں، تاہم ایئر لائن انتظامیہ کا خیال ہے کہ اس تحقیق کا بہت جلد مثبت نتیجہ سامنے آئے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ اگر کوئی فضائی سفر ایک گھنٹے کا ہے تو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ جہاز میں کوئی انٹرٹینمنٹ سسٹم ہے یا آپ کو کھانا مل رہا ہے یا نہیں۔

بغیر سیٹوں کے ہوائی جہاز پر سیٹ بیلٹ نہ ہونے کو بھی وجہ اعتراض بنایا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں: فضائی حادثے کی صورت میں ان اقدامات سے جان بچانا ممکن؟

اس بارے میں ایئر لائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جب کوئی فضائی حادثہ ہوتا ہے تو کیا سیٹ بیلٹس مسافروں کی زندگیاں بچا سکتے ہیں؟ ’آپ کو ان ٹرینوں میں بھی سیٹ بیلٹ کی ضرورت نہیں پڑتی جو 120 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہوں‘۔

فی الحال سول ایوی ایشن اتھارٹی اس آئیڈیے سے متفق نظر نہیں آتی اور تاحال کسی بھی ملک میں بغیر سیٹوں والے طیارے بنانے کی منظوری نہیں دی گئی۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

Comments

- Advertisement -