آپریشن رد الفساد کے تحت ملک کے مختلف شہروں میں دہشت گردوں کے خلاف پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔ ملک بھر سے 40 افغانیوں سمیت 139 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف شہروں میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔ کراچی میں ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر مقیم 11افغان شہریوں کو گرفتار کرلیا۔
صوبہ سندھ کے شہروں حیدر آباد سے 50 مشتبہ افراد اور جامشورو سے 20 افغان باشندے کو زیر حراست لے لیا گیا۔
صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور حسن گڑھی میں اسپیشل یونٹ نے کارروائی کر کے کالعدم تنظیم کے 4 کارندوں کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے نفرت انگیز مواد کے ساتھ پاکستان مخالف پمفلٹ بھی برآمد ہوئے۔
چارسدہ کے مختلف علاقوں میں پولیس اور حساس اداروں نے سرچ آپریشن کے دوران 30 افراد کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضہ سے 6 کلاشنکوف، 2 راکٹ لانچر، 2 دستی بم، 10 پستولیں، 6 بندوقیں اور ہزاروں کارتوس برآمد کرلیے۔
پنجاب کے شہر حافظ آباد میں پولیس آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی گئی۔ تلاشی کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار کر کے ان سے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی گئی۔