کراچی: کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے چیف سیکرٹری سندھ کو خط لکھا ہے جس میں انہوں نے سابق ڈپٹی کمشنر غربی کے خلاف مبینہ کرپشن پر تحقیقات کی درخواست کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے چیف سیکرٹری سندھ کو خط لکھ کر سابق ڈپٹی کمشنر غربی فیاض سولنگی کے خلاف مبینہ کرپشن پر تحقیقات کی درخواست کی ہے۔
ڈسٹرکٹ ویسٹ کےاے ڈی سی ون نے کمشنر کراچی کو صورت حال سے آگاہ کیا۔کمشنر کراچی نے خط میں کہا کہ سابق ڈپٹی کمشنر کو گاڑیوں کی مرمت اوردیکھ بھال پر 2 کروڑ جاری کیےگئے۔
کمشنر کراچی نے کہا کہ 2 کروڑ کے فنڈز سے ضلع غربی کی 35 گاڑیوں کی دیکھ بھال ہونی تھی، مالی سال کے اختتام تک 35 میں سے صرف 10 گاڑیوں کی مرمت کرائی گئی۔
خط میں کہا گیا ہے کہ سابق ڈپٹی کمشنر 2 کروڑ کا جعلی بل منظور کرنے پر زور دے رہے تھے، جعلی بل سائن نہ کرنے پر سابق ڈپٹی کمشنر نے نئے افسر کی تعیناتی کی درخواست بھی کی۔
کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے سابق ڈپٹی کمشنر فیاض سولنگی کے کرپشن کیس محکمہ اینٹی کرپشن کو دینے کی درخواست بھی کی۔