اشتہار

کمشنرز کو بورڈ کا چارج دینے کے خلاف اساتذہ تنظیموں کا ضمنی امتحانات کے بائیکاٹ کا اعلان

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: کمشنرز کو ایجوکیشن بورڈز کا چارج دیے جانے کے خلاف اساتذہ تنظیموں نے ضمنی امتحانات کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق تعلیمی بورڈز کا چارج کمشنرز کو دیے جانے کے خلاف اساتذہ تنظیموں نے ضمنی امتحانات کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا ہے، اور سپلا نے کہا ہے کہ جمعرات کو کالجوں میں یوم سیاہ منایا جائے گا۔

سندھ پروفیسرز لیکچرر ایسوسی ایشن (سپلا) کے رہنما پروفیسر منور عباس اور آل سندھ پرائیوٹ اسکول اینڈ کالج ایسوسی ایشن کے چیئرمین حیدر علی نے اس سلسلے میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

- Advertisement -

سپلا کے رہنما پروفیسرمنور عباس نے کہا کراچی سمیت صوبے بھر کے تعلیمی بورڈ کمشنر کے حوالے کرنے کا نگراں صوبائی حکومت کا فیصلہ مسترد کرتے ہیں، اساتذہ ضمنی امتحانات میں حصہ نہیں لیں گے، کالجوں میں امتحانی مراکز قائم کرنے نہیں دیں گے، اور امتحانی کاپیوں کی جانچ پڑتال کا بھی بائیکاٹ کریں گے۔

انھوں نے کہا وزیر اعلیٰ سندھ فوری طور پر سرچ کمیٹی قائم کریں، میرٹ کی بنیاد پر تعلیمی بورڈ کے چیئرمین ناظمین امتحانات اور سیکریٹریز بورڈ کی تقرریاں کی جائیں، انٹر بورڈ کراچی سمیت دیگر بورڈز میں کمشنر کو دیے گئے ایڈیشنل چارج واپس لیے جائیں، اور موجودہ صورت حال میں اسٹاپ گیٹ ارینجمنٹ کے طور پر ماہر تعلیم کی تقرری کی جائے۔

حیدر علی کا کہنا تھا کہ عام انتخابات قریب ہیں ڈپٹی کمشنرز انتخابی معاملات دیکھیں گے یا بورڈ کے معاملات چلائیں گے، ہمارے کمشنرز تو دودھ اور سبزی کی قیمتیں کنٹرول نہ کر سکے تعلیمی بورڈ کہاں سے چلائیں گے، اس لیے بورڈز کے انتظامی کنٹرول گورنر کے حوالے کیے جائیں۔

Comments

اہم ترین

انور خان
انور خان
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں