تازہ ترین

کراچی پولیس آفس پر حملے کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم

کراچی : کراچی پولیس آفس پر حملے کی تحقیقات کیلئے 5افسران پرمشتمل کمیٹی قائم کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس آفس پر دہشت گردوں کے حملے کی تحقیقات کے معاملے پر آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے 5 افسران پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی ذوالفقار لاڑک کمیٹی کی سربراہی کریں گے، ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان بلوچ ،ڈی آئی جی کریم خان ممبران میں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ ایس ایس پی طارق نواز اور ڈی ایس پی راجہ عمرخطاب بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔

اس سے قبل ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان بلوچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی پولیس آفس پر حملے کی تحقیقات کے حوالے سے بتایا تھا کہ دہشتگردایڈیشنل آئی جی کراچی کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے،انھیں ایڈیشنل آئی جی کراچی کا فلور بھی معلوم تھا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ کا کہنا تھا کہ دہشت گرد نے ایڈیشنل آئی جی کے دفتر کو ٹارگٹ کیا،ایڈیشنل آئی جی کراچی کے دفتر پر دہشت گرد پہلے بھی آچکے ہیں۔

عرفان بلوچ نے انکشاف کیا تھا کہ دہشت گرد ایک ماہ تک ریکی کرتے رہیں، ریکی مکمل کرنے کے بعد حملہ کیاگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد پوری تیاری کے ساتھ آئے تھے ، دہشت گرد جہاں سے آئے عام آدمی نہیں آسکتا تاہم دہشت گردوں کی شناخت تقریباً ہوچکی ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ نے مزید بتایا کہ دہشت گرد کار میں آئے اوررہائشی کوارٹرز کی طرف سے داخل ہوئے، کار کے اندر سے بھی کچھ نمبر پلیٹس ملی ہیں تاہم لوکل سہولت کاروں کی تحقیقات کررہے ہیں۔

Comments

- Advertisement -