کراچی: جناح اسپتال کراچی میں نومولود کی گمشدگی کے واقعے پر تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق جناح اسپتال کراچی میں نومولود کی گمشدگی کے واقعے پر ایس ایس پی ساؤتھ نے تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی، واضح رہے کہ گزشتہ دنوں نومولود کے والد نے الزام عائد کیا تھا کہ اسپتال میں دو بچوں کی پیدائش ہوئی تھی، بچی ہمارے حوالے کی گئی اور ایک بچے کو غائب کردیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کورنگی اسپتال کے ڈاکٹرز کے بیانات قلمبند کرلیے گئے ہیں۔
ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ تحقیقات کریں گے بچہ ایک پیدا ہوا تھا یا جڑواں ہوئے تھے، تفتیش میں بچہ غائب ہونے کے شواہد ملے تو مقدمہ درج ہوگا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پہلے تصدیق کریں گے کہ الٹرا ساؤنڈ کس نے کیا اور اس کی رپورٹ کیا ہے۔
مزید پڑھیں: اسپتال میں مبینہ طور پر جڑواں بچوں کی پیدائش، ایک غائب
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں والدین نے اسپتال انتظامیہ پر الزام عائد کیا تھا کہ جڑواں بچوں کی پیدائش کے بعد ایک بچہ کچھ دیر بعد ہی غائب کردیا گیا۔
دوسری جانب اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں نے والدین کو بتایا تھا کہ صرف ایک ہی بچہ پیدا ہوا تھا جسے آپ کے حوالے کردیا گیا ہے۔
جناح اسپتال ایمرجنسی کی سربراہ ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا تھا کہ مریضہ کی جانب سے دکھائی گئی رپورٹ میں الٹراساؤنڈ کسی پرائیویٹ لیبارٹری سے کرایا گیا تھا، واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔