ہفتہ, جولائی 27, 2024
اشتہار

الیکشن کے دوران انٹرنیٹ بند کیا گیا، ای ایم ایس نے ٹھیک کام نہیں کیا: کامن ویلتھ آبزرورز کی پریس کانفرنس

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: کامن ویلتھ آبزرورز نے پاکستان میں الیکشن 2024 کے دوران انٹرنیٹ کی بندش، فیک نیوز کے سلسلے، اور ایک سیاسی پارٹی کو خواتین کی مخصوص نشستوں کا حق نہ ملنے پر اظہار تشویش کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں انتخابات کے اختتام پر دولت مشترکہ کے ہیڈ ڈاکٹر گڈلک جوناتھن نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انھوں نے پاکستان میں عام انتخابات کا جائزہ لیا، وزیر اعظم، الیکشن کمشنر، آرمی چیف، اور سیاسی قائدین سے ملاقاتیں کیں، اور الیکشن کے دن پولنگ اسٹیشنز کے دورے کیے جن میں کراچی، ملتان، حیدرآباد، فیصل آباد بھی شامل ہیں۔

ڈاکٹر جوناتھن گڈ لک نے کہا ’’ہمارا کام انتخابی عمل کا جائزہ لینا ہے، ہم اپنی رپورٹ دولت مشترکہ اور الیکشن کمیشن کو بھیجیں گے، ہم نے اور ہمارے نمائندوں نے الیکشن کا مشاہدہ کیا، ہم الیکشن کمیشن کی کارکردگی کو سراہتے ہیں۔‘‘

- Advertisement -

انھوں نے کہا کہ نوجوانوان کی بڑی تعداد نے الیکشن میں حصہ لیا، الیکشن میں خواتین کے 5 فی صد کوٹے کا خیال نہیں رکھا گیا، ای سی پی کو سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا تھا، انتخابی عمل اور نتیجے میں بھی تاخیر کا سامنا رہا، ای ایم ایس درست طریقے سے کام نہیں کر رہا تھا۔

ڈاکٹر جوناتھن گڈ لک نے کہا ’’میڈیا اور سیاسی کارکنوں پر تشدد کی اطلاعات ملیں، ایک سیاسی پارٹی کو خواتین کی مخصوص نشستوں کا حق نہیں ملا، فیک نیوز کا سلسلہ بھی جاری رہا، انٹرنیٹ بھی بند کیا گیا، یہ چیزیں ہمارے لیے باعث تشویش ہیں۔‘‘

انھوں نے کہا مبصرین نے ٹرن آؤٹ کا بھی جائزہ لیا ہے، ٹرن آؤٹ کتنا رہا اس حوالے سے فائنل رپورٹ جاری کی جائے گی، کچھ پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ ایجنٹس کو مناسب ماحول نہیں دیا گیا،فارم 45 انٹرنیٹ بند ہونے کی وجہ سے امیدواروں کو تاخیر سے ملے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں