اسلامی تعاون کی تنظیم (اوآئی سی) نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی مذمت کر دی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق او آئی سی نے فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جاری تنازع پر کہا کہ عالمی برادری مداخلت کرے اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت رکوائے۔
او آئی سی نے جاری بیان میں کہا کہ اسرائیلی جارحیت میں سیکڑوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے، او آئی سی نے موجودہ حالات کا ذمے دار اسرائیل کو ٹھہرایا ہے۔
آپریشن طوفان الاقصیٰ جاری، ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد 530 سے تجاوز کر گئی
اسلامی تعاون کی تنظیم نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ عالمی برادری فلسطینی عوام کا تحفظ کرے، اسرائیلی قبضہ ختم کروا کر فلسطینی ریاست قائم کی جائے۔
خیال رہے کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے اسرائیل پر حملوں میں سینئر فوجی کرنل سمیت ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد 500 سے تجاوز کر گئی جب کہ 1700سے زائد افراد زخمی ہیں جب کہ 480 فلسطینی بھی شہید ہوئے ہیں۔
دریں اثنا اسرائیل نے غزہ کے لیے تمام سپلائی معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ اسرائیل نے غزہ کے لیے فیول، اشیا اور بجلی کی سپلائی بھی معطل کر دی ہے جس کے بعد غزہ تاریکی میں ڈوب گیا۔