راولپنڈی : سیکیورٹی فورسز کی جانب سے گرفتار کیے گئے دہشت گرد اسام الدین کا اعترافی بیان سامنے آگیا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں پاک افغان سرحد کے قریب سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 4 اہم دہشت گرد گرفتار کر لئے۔
گرفتار دہشت گرد نے اعترافی بیان میں کہا کہ میرا نام اسام الدین ہے، والد کا نام گلشاد ہے، میں افغانستان سے آیا ہوں، ہمارانظریہ ہماری ٹریننگ ہے۔
اسام الدین کا کہنا تھا کہ میرے پاس دو بندوقیں، دو کلاشنکوف، ایک گرنیڈ، اور دیگر اسلحہ موجود تھا، ہم افغانستان سے 3 دن پہلے پاکستان میں داخل ہوئے۔
گرفتار دہشت گرد نے کہا کہ ہم سرحدی باڑ کے ذریعے رات میں چوری سے پاکستان میں داخل ہوئے، ہم نے آگے پشین جانا تھا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف اس آپریشن کی کامیابی میں مقامی لوگوں نے اہم کردار ادا کیا، گرفتار دہشتگردوں کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان کی جانب سے دراندازی کے مزید شواہد سامنے آرہے ہیں اور افغانستان سے دہشت گردوں کی پاکستان میں دراندازی بڑھنے لگی ہے جبکہ دہشتگرد تنظیموں کو افغان طالبان کی سہولت کاری اور سرپرستی حاصل ہے۔