کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن کی ڈرافٹنگ کراچی میں کروانے پر غور کیا جارہا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی ایس ایل کے چھٹے سیزن کی ڈرافٹنگ کراچی میں کروانے پر غور کیا جارہا ہے، لاہور اور اسلام آباد میں ڈرافٹنگ ہوچکی اب کراچی ڈرافٹنگ وینیو ہوگا۔
پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کی ڈرافٹنگ دسمبر کے دوسرے ہفتے میں ہونی ہے جبکہ کورونا کی وجہ سے ڈرافٹنگ آؤٹ ڈور کرانے کی حکمت عملی پر بھی کام جاری ہے جس کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا مقام زیر غور ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ڈرافٹنگ آن لائن کرانے کا آپشن بھی رکھا گیا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) جلد فرنچائزز کے ساتھ مل کر معاملات کو حتمی شکل دینے کے لیے پر امید ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل سکس کے میچز آئندہ سال فروری مارچ میں کھیلے جائیں گے۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل فائیو کے فائنل میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو شکست دے کر پہلی بار ٹرافی اپنے نام کی تھی، بابر اعظم کو فائنل کا مین آف دی میچ اور ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔