کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے اہم صنعتی علاقے سائٹ کی سڑکوں کو کراچی میگا پروجیکٹ کے تحت تعمیر کرنے کی ہدایت کر دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے آج سائٹ ایسوسی ایشن کے وفد نے خصوصی ملاقات کی، جس میں وفد نے انھیں سائٹ کے مسائل سے آگاہ کیا۔
وزیر اعلیٰ نے وفد سے کہا کہ سندھ حکومت کی مالی حالت بہتر نہیں ہے، کوشش کر رہے ہیں کہ سائٹ کی تمام سڑکیں تعمیر کی جائیں، سائٹ ایسوسی ایشن کی تمام سڑکوں کو ترجیحات میں شامل کر دیا ہے۔
دریں اثنا، وزیر اعلیٰ سندھ نے سائٹ کی سڑکوں کو کراچی میگا پروجیکٹ کے تحت تعمیرکرنے کی ہدایت جاری کی۔ انھوں نے کہا کہ اس سلسلے میں صنعت کاروں پر مشتمل ایک نگراں کمیٹی منصوبہ بنا کر دے گی۔
ملاقات میں وزیر اعلیٰ سندھ کے ہمراہ صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی، وزیر صنعت اکرام اللہ دھاریجو، وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم، وزیر اعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری، سیکریٹری خزانہ بھی شریک تھے۔
واضح رہے کہ کراچی میں طوفانی بارشوں کے بعد سائٹ ایریا کی سڑکوں کا اور بھی برا حال ہو گیا ہے، خود سائٹ ایسوسی ایشن کے دفتر والی سڑک پر گاڑیاں چلانا تو درکنار اس پر پیدل چلنا بھی دشوار ہو گیا ہے۔