پاکستان پیپلز پارٹی نے آئندہ عام انتخابات سے قبل سیاسی صف بندی شروع کر دی ہے اور مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطے شروع کیے ہیں۔
پاکستان میں عام انتخابات 8 فروری کو شیڈول ہیں جس کے لیے سیاسی جماعتیں اپنی صف بندیاں کر رہی ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی اس حوالے سے مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطے شروع کر دیے ہیں۔
پی پی ذرائع نے بتایا ہے کہ پیپلز پارٹی کی رابطہ کمیٹیوں نے سیاسی جماعتوں سے رابطے کیے ہیں جن سیاسی جماعتوں سے رابطے کیے گئے ہیں ان میں عوامی نیشنل پارٹی، قومی وطن پارٹی، مجلس وحدت مسلمین اور پاکستانی عوامی تحریک شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے عوامی نیشنل پارٹی سے خیبر پختونخوا اور کراچی کی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی ہے اور دونوں جماعتوں نے اس حوالے سے سیاسی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کے وفود جلد اے این پی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں سے ملاقات کریں گے جس میں سیاسی ایڈجسٹمنٹ پر بات چیت ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق پی پی رابطہ کمیٹیاں مرکز، صوبائی، ضلعی سطح پر رابطے کریں گی جس کی کارکردگی رپورٹ قیادت کو بھجوائی جائے گی اور اس بارے میں حتمی فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔