وزیراعظم شہبازشریف نے جنوری 2025 میں مہنگائی کی بڑھتی شرح میں 9 سال کی کم ترین سطح پر آنے کا خیرمقدم کیا ہے۔
وزیراعظم نے بیان میں کہا کہ 2024 کے آغاز میں مہنگائی کی شرح 28.73 فیصد تھی جو 4.1 فیصد تک کم ہوئی جب کہ جنوری 2025 میں مہنگائی کی شرح مزید کم ہو کر 2.4 فیصد پر آ چکی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مہنگائی کی شرح کا بتدریج کم ہونا انتہائی خوش آئند ہے، اشیائےخوردونوش کی قیمتوں میں کمی سے عام آدمی کی زندگی میں بہتری آ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں بتدریج کمی سے ترقی کے مثبت اعشاریے دیکھنے میں آرہے ہیں یہ کمی حکومتی معاشی پالیسیوں اور اقدامات کے درست سمت میں ہونے کی سند ہے حکومت مہنگائی میں مزیدکمی، عام آدمی کی زندگی میں بہتری کیلئےمحنت کر رہی ہے، پاکستان معاشی استحکام کے بعد معاشی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔