کراچی: شہرقائد میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی اسلحہ لائسنس بنانےاورغیرقانونی اسلحہ کی خریدو فروخت میں ملوث پولیس اہلکاروں سمیت 8 افراد کو گرفتارکرلیا۔
تفصیلات کے مطابق رینجرز نے کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ناجائز ہتھیاروں اور 5 عدد جعلی اسلحہ لائسنسوں کے ساتھ لیاقت آباد سے ملزم فیضان خان کوگرفتارکرلیا۔
ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ ایک منظم گروہ اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث ہے۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق گرفتارملزم کی نشاندہی پرگروہ کے مزید 7 کارندوں کو گرفتار کرلیا گیا جن میں سندھ ریزیرو پولیس کے اے ایس آئی عمردراز خان، حوالدار سید نادرعلی شاہ اور اسپیشل برانچ میں تعینات حوالدار سید شاہد علی شامل ہیں۔
ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں جنید، زوہیرکمال، صدام صدیقی اور سیاسی جماعت کے عسکری ونگ کا ٹارگٹ کلر کامران پریڈی بھی شامل ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کامران پریڈی متعدد بار جیل کاٹنے کے بعد بھی کئی خود کارہتھیار حوالدار نادر شاہ کو فروخت کرنے میں ملوث ہے۔
رینجرز ترجمان کے مطابق حوالدار نادر شاہ جعلی لائسنسوں پر اسلحہ خیبر پختونخواہ سے بذریعہ ہوائی سفر منتقل کرتا تھا اوراس سلسلے میں 30/35 مر تبہ ہوائی سفر کرچکا ہے۔
ترجمان رینجرز کا کہنا ہےکہ گرفتار ملزمان سے131 جعلی مہریں ، 2 جی تھری سمیت ملزمان سے9 مختلف ہتھیار، 18 میگزین سمیت 140جعلی اسلحہ لائسنس برآمد ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان سے 233 جعلی دستاویزات، 75جعلی ڈگریاں اور 7 جعلی ڈرائیونگ لائسنس بھی برآمد ہوئے۔