اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر ملک بھر میں جلسے اور جلوس پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا شادی ہالز کے بجائے کھلے مقامات پر تقریبات منعقد ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کورونا سےمتعلق قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ این سی سی اجلاس میں کورونا کے بڑھتے کیسز کا جائزہ لیا گیا، پوری دنیا میں کورونا کی دوسری لہر آچکی ہے ، امریکا،انگلینڈ اور دیگر ممالک میں کوروناکیسزتیزی سے بڑھ رہے ہیں۔
ایس اوپیز پر احتیاط نہ کیا تو ڈر ہے حالات بگڑیں گے
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ کا کرم ہے کہ کورونا سے زیادہ اموات، معیشت کو بھی بچایا ، پچھلے 10 دن میں ہمارے یہاں 4 گنا کیسز بڑھ چکے ہیں، اسپتالوں میں کورونامریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، ایس اوپیز پر احتیاط نہ کیا تو ڈر ہے حالات بگڑیں گے۔
قوم سے کہتا ہوں یہ وقت احتیاط کرنے کا ہے
عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی نسبت ایران اور بھارت میں حالات زیادہ خراب ہیں ، قوم سے کہتاہوں یہ وقت احتیاط کرنے کا ہے، احتیاط نہ کی تو دوبارہ اسپتالوں پر دباؤ بڑھ جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ عوامی مقامات پر ماسک پہنیں تو کیسز کی تعداد کم بڑھتی ہے ، بتایاجارہاہے کہ کورونا وائرس نے خود کو تبدیل کیا اور تیزی سے پھیل رہا ہے، یہ وقت ہے کہ ایس اوپیز سے متعلق فیصلوں پر عمل کریں۔
عوام مجمع لگانے سے گریز کریں
وزیراعظم نے کہا کہ پہلی لہر سے اس لئے بچ گئے تھے کہ عوام نے ہمارا ساتھ دیاتھا، عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی ہوگا، جہاں لوگ جمع ہوتے ہیں وہاں کورونا تیزی سے پھیلتا ہے، عوام مجمع لگانے سے گریز کریں۔
وقت آگیا ہے رمضان کی طرح ایک بار پھر ایس اوپیز پر عمل کریں
عمران خان کا کہنا تھا کہ سوائے پاکستان پوری دنیا نے رمضان میں مساجدیں بند کیں ، پاکستان میں مساجد کھلی تھیں مگر کوروناکیسز نہیں بڑھے، ہمارے علما نے ایس اوپیز پر عمل کرایا، جس سے کیسز میں اضافہ نہیں ہوا ، وقت آگیا ہے رمضان کی طرح ایک بار پھر ایس اوپیز پر عمل کریں۔
فیصلہ کیا ہے ملک بھر میں جلسے نہیں ہوں گے
انھوں نے مزید کہا کہ کاروبار بند نہیں کرنا مگر فیکٹریز ،دکانوں میں ایس اوپیز پر عمل کریں، فیصلہ کیا ہے ملک بھر میں جلسے نہیں ہوں گے، رشکئی میں اس ہفتے کو ہمارا جلسہ تھا جو منسوخ کردیا ہے۔
کسی بھی تقریب میں 300 سے زیادہ لوگ نہیں آسکتے
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جی بی میں انتخابی مہم کے بعد کورونا کیسز تیزی سے بڑھ گئے ہیں ، شادی ہالز کے بجائے کھلے مقامات پر تقریبات منعقد ہوں گی ، کسی بھی تقریب میں 300 سے زیادہ لوگ نہیں آسکتے اور تقریب میں موجود تمام لوگوں کوماسک لازمی پہنناہوگا۔
تعلیمی اداروں، اسکولز سےمتعلق آئندہ ہفتے جائزہ لیکر فیصلہ کریں گے
اسکولوں کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ تعلیمی اداروں، اسکولز سےمتعلق آئندہ ہفتے جائزہ لیکر فیصلہ کریں گے، کورونا کیسز بڑھے توصورتحال دیکھ کر تعلیمی اداروں میں گرمیوں میں چھٹیاں کم کرکے سردیوں کی بڑھا دیں گے۔
کورونا سے بچنے کا طریقہ صرف ماسک کا استعمال ہے
ان کا کہنا تھا کہ کورونا سے بچنے کا طریقہ صرف ماسک کا استعمال ہے ، بھارت میں اچانک لاک ڈاؤن سے حالات خراب ہوئے ، ملک بھر میں جلسے اور جلوس پر پابندی ہوگی، ہمارے لئے اورساری دنیا کیلئے امتحان ہے۔