کراچی: پی ایس ایل 6 میں تین کھلاڑیوں اور ایک آفیشل میں کورونا کی تصدیق ہوگئی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ کے فواد احمد اور لوئس گریگری کورونا کا شکار ہوگئے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ٹام بینٹن کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔
کراچی کنگز کے فیلڈنگ کوچ کامران خان بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے، تینوں کھلاڑیوں اور فیلڈنگ کوچ کامران خان کو دس دن کے لیے فوری طور پر قرنطینہ کردیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا کا شکار ہونے والے ارکان قرنطینہ مکمل کرکے دو منفی نتائج کے بعد ٹیموں کو دوبارہ جوائن کرسکیں گے۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل کو کرونا کے وار سے بچانے کے لئے بورڈ کا اہم فیصلہ
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد یونائیٹڈ کے آسٹریلوی اسپنر فواد احمد کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے تھے جس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میچ ایک روز کے لیے ملتوی کردیا گیا تھا۔
دوسری جانب کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے سب سے بڑے ایونٹ پی ایس ایل کو عالمی وبا سے بچانے کے لئے فوری اقدامات کرنا شروع کردئیے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کو کووڈ نائنٹین سے پاک رکھنے کے لئے ہر چوتھے روز پی سی آر ٹیسٹنگ کا عمل دہرانے کا فیصلہ کیا ہے، ساتھ ہی تمام فرنچائزز کےتعاون سے مزید سخت ترین اقدامات کئےجارہےہیں۔