ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

کرونا بحران، تیس لاکھ پاکستانیوں کے بے روزگار ہونے اور غربت میں مزید اضافہ کا خدشہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ کرونا بحران کے ابتدائی مرحلے میں تیس لاکھ افراد بے روزگار جبکہ غربت کی شرح کا تناسب 24 سے ساڑھے 33 فیصد تک بڑھ سکتا ہے۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ نے سینیٹ میں تحریری جواب جمع کرایا جس میں انہوں نے بتایا کہ کرونا بحران کے ابتدائی مرحلے میں تیس لاکھ سے زائد افراد بے روزگار ہوسکتے ہیں۔

عبدالحفیظ شیخ نے بتایا کہ صنعتی شعبے سے دس لاکھ اور خدمات کے شعبے سے بیس لاکھ افراد کے بے روزگار ہونے کا خدشہ ہے۔

اپنے جواب میں عبدالحفیظ شیخ نے بتایا کہ  ملک میں غربت کی شرح 24.3 فیصد سے بڑھ کر 33.5 فیصد تک پہنچ سکتی ہے، کرونا کی وجہ سے صرف مارچ کے مہینے میں ہی روپے کی قدر میں ساڑھے 7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

مزید پڑھیں: کرونا ملکی معیشت پر براہ راست اثر انداز ہونے لگا، زرمبادلہ کے ذخائر میں‌ نمایاں‌ کمی

یاد رہے کہ کرونا وائرس نے ملکی معیشت کو براہ راست اثر انداز کرنا شروع کردیا ہے، گزشتہ روز اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ صرف ایک ہفتے کے دوران  زرمبادلہ کے ذخائر میں ایک ارب 70 کروڑ ڈالر کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ مرکزی بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر 12 ارب 70 کروڑ ڈالر سے کم ہو کر 10 ارب 36 کروڑ تک پہنچ گئے جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 3 ارب چالیس کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا جس کے بعد کمرشل بینکوں کے زرمبادلہ کے ذخائر  6 ارب 55 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق ملک کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 1 ارب 66 کروڑ ڈالر کمی کے  بعد 16 ارب 92 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں