جمعہ, مارچ 21, 2025
اشتہار

کرونا سے متعلق پروپیگنڈا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجازاحمد شاہ نے کرونا سے متعلق غلط معلومات پھیلانے والے کے خلاف ایکشن لینے  کی ہدایت کردی۔

سرکاری میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں کرونا سے متعلق غلط معلومات کی روک تھام کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وزیر داخلہ نے غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے 9 رکنی کمیٹی تشکیل دی جس کی صدارت اعجاز شاہ خودک کریں گے، کمیٹی میں وزارتِ داخلہ، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے)، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)، پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی اور نیشنل کمانڈر اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے نمائندے شامل ہوں گے۔

وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے کرونا ڈاکٹر فیصلہ بطور سینئر ممبر کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ مذکورہ کمیٹی کو ٹاسک دیا گیا ہے کہ وہ کرونا کے حوالے سے غلط اور غیر مقصدقہ معلومات پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں۔

اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ’ہم سب کو مل کر کرونا وبا کا مقابلہ کرنا ہے، کمیٹی کے قیام کا مقصد عوام تک صحیح اور درست معلومات کی رسائی کو یقینی بنانا ہے کیونکہ غلط اور غیر تصدیق شدہ باتوں سے پوری قوم کو نقصان ہوسکتا ہے‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’ہم غلط معلومات پھیلانے والوں تک پہنچنے کے لیے تمام ممکنہ وسائل استعمال کریں گے کیونکہ کرونا سے متعلق غلط خبریں یا معلومات پھیلانے والے ملک اور عوام کے دوست نہیں ہیں‘۔

بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ نے کمیٹی اراکین کو ہدایت کی کہ وہ عوام تک درست معلومات کی فراہمی کو یقینی بنائیں اور اس حوالے سے رات دن کام کریں تاکہ کرونا سے متعلق پھیلنے والے غلط پروپیگنڈے کو ختم کیا جائے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے ڈائریکٹر جنرل پیمرا کو ہدایت کی کہ میڈیا پر آنے والی اس نوعیت کی خبروں پر مکمل نظر رکھی جائے اور انہیں نشر کرنے پر پابندی عائد کی جائے جبکہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے ڈائریکٹر  کو حکم ملا کہ وہ غلط معلومات پھیلانے والے شخص کے خلاف بروقت ایکشن لیں اور ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کو یقینی بنائیں۔

اعجاز شاہ کا مزید کہنا تھا کہ ’کرونا کے اس مشکل وقت میں تمام ادارے اور میڈیا اپنا کردار ادا کریں کیونکہ ہم سب کو مل کر ہی اس وبا کا مقابلہ کرنا ہے، ہم حکومتی سطح پر عوام کے لئے دن رات کا کر رہے ہیں‘-

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں