کراچی : سندھ ہائیکورٹ نے سندھ حکومت کو لاک ڈاؤن میں چھوٹے دکانداروں کیلیے کیے گئے اقدامات سے متعلق تفصیلات14 مئی تک جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں لاک ڈاؤن میں چھوٹے دکانداروں کو کاروبار کی اجازت سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی، سماعت کے موقع پر عدالت نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ استفسار کیا کہ حکومت چھوٹے کاروباری طبقے کیلئے کیا اقدامات کررہی ہے؟
جس پر ایڈیشنل اے جی سندھ نے کہا کہ ایس او پی کے تحت کچھ صنعتیں کھولنے کا اجازت دی ہے، کچھ کاروباری مراکز کو آن لائن کاروبارکی اجازت ہے، امپورٹ ایکسپورٹ پر پابندی ہے اس کے علاوہ نائی کو دکان کھولنے کی اجازت نہیں ہے۔
جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ چھوٹی دکانیں آن لائن کاروبار کیسے کریں گی؟ وفاقی و صوبائی حکومت کو چھوٹے کاروباری طبقے کیلئے بھی سوچنا چاہیے، اسٹیشنری، الیکٹریشن ودیگر کی ضرورت پڑتی ہے ایسے کیسے کام چلے گا؟
بعد ازاں سندھ ہائیکورٹ نے سندھ حکومت کو 14 مئی تک تمام اقدامات کی تفصیلات جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔