اسلام آباد: عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز کاکہنا ہےکہ کرونا وائرس کے باعث عالمی معاشی سست روی کا شکار ہے جس کی وجہ سے پاکستان کی مشکلات میں اضافےکا خدشہ ہے۔
موڈیز کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق غیر ملکی قرضوں کے باعث پاکستان کے مسائل مزید بڑھ سکتے ہیں، اس صورت حال میں مزید بوجھ بڑھ جائے گا جبکہ بیرونی خدشات میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے۔
عالمی ریٹنگ ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے شرح سود میں نمایاں کمی کی جبکہ روپیہ بھی مسلسل دباؤ کا شکار ہے، ایسی صورت حال میں سرمایہ کاروں کی جانب سے انویسٹمنٹ کے مزید انخلا کا خدشہ بھی بڑھ گیا۔
مزید پڑھیں: لاک ڈاؤن ، اسٹیٹ بینک نے صارفین کیلئے بڑے ریلیف کا اعلان کردیا
رپورٹ کے مطابق مارچ کے ماہ میں پاکستان کی کیپٹل مارکیٹس سے ایک ارب 80 کروڑ ڈالر کے سرمائے کا انخلا دیکھنے میں آیا۔
یاد رہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر عالمی معیشت تنزلی کا شکار ہے اور اب تک کئی شعبے ایسے ہیں جنہیں اربوں ڈالر کا دھچکا پہنچ چکا جبکہ کئی محکمے بند ہونے کا بھی خدشہ ہے۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بھی کم ترین سطح پر پہنچ گئیں جبکہ فاریکس اسٹاک میں بھی سرمایہ کار پیسہ لگانے سے گریزاں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی مشکل صورتحال میں مدد کیلئے ہر وقت تیار ہیں، آئی ایم ایف
امریکا، برطانیہ، سعودی عرب اور یورپین ممالک نے کرونا وبا کے بعد کی صورت حال کے پیش نظر اپنی معیشت کو استحکام دینے کے لیے خصوصی ریلیف فنڈز جاری کیے ہیں۔