اسلام آباد: معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر نے کہا ہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1022 ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1022 ہوگئی ہے، مجموعی طور پر اب تک 21 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں اور 8 مریض انتقال کرچکے ہیں۔
ظفر مرزا نے کہا کہ ملک میں کرونا کے 64 فیصد مرد اور 26 فیصد خواتین ہیں، ملک میں اس وقت 5 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، زیادہ تر مریضوں کی عمریں 25 سے 40 سال کے درمیان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی کی زیر صدارت پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس ہوا جس میں سب رہنما متفق تھے کہ ملک کو کرونا سے پاک کرنا ہے، رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ سیاسی اختلافات الگ رکھ کر سب ساتھ چلیں گے اور کرونا کی وبا سے ہم نے مل کر لڑنا ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا وائرس سے ایک اور موت ، تعداد 8 ہوگئی
ظفر مرزا نے کہا کہ دوحہ سے گزشتہ رات ایک فلائٹ آئی اور 148 مسافروں کے ٹیسٹ کیے گئے، بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ سب کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کل وزیراعظم کی زیر صدارت نیشنل کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس ہورہا ہے، اجلاس میں نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے فیصلوں کا ریویو کیا جائے گا۔
معاون خصوصی برائے صحت کا کہنا تھا کہ آج ہمیں 5 لاکھ این 95 ماسک چین کی جانب سے موصول ہوئے ہیں، 27 مارچ کو پرسنل پروٹیکشن سمیت دیگر سامان پاکستان لایا جائے گا، تقریباً 12 ٹن طبی سامان پاکستان پہنچ جائے گا۔
ظفر مرزا نے کہا کہ روزانہ کہتا ہوں اس بیماری کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوگی، بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں صرف بنیادی ضرورت کے لیے باہر نکلیں، احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کریں گے تو ملک میں بیماری کو روکنا مشکل ہوگا۔