اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کرونا کی روک تھام سے متعلق حکمت عملی کے بہترنتائج ملے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں کروناکی روک تھام کے لیے اختیار کی جانےوالی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔اجلاس میں اسپتالوں میں آکسیجن بیڈز کی تعداد،طلب اور سپلائی کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ کے دوران چیئرمین این ڈی ایم اے نے بتایا کہ آئندہ ماہ کے وسط تک 2150 بیڈز کا اضافہ کیا جائے گا، وزیراعظم نے بیڈز اور آکسیجن سے متعلق اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کروناکی روک تھام سےمتعلق حکمت عملی کے بہتر نتائج ملے ہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ حکمت عملی پر عمل کے لیے مقامی رہنما،کمیونٹی کی شمولیت یقینی بنائیں۔
عمران خان نے کہا کہ عوام کو اسمارٹ لاک ڈاؤن سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے،اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران حکمت عملی پر عمل کے لیے ٹائیگر فورس کی خدمات بھی لی جائیں۔
وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ صوبوں کی مشاورت سے عید کے لیے ایس اوپیز کو حتمی شکل دیں،اس مرتبہ عید قرباں غیرمعمولی حالات میں منائی جا رہی ہے،عوام کی حفاظت کے لیے واضح ایس او پیز جلد مرتب کیے جائیں۔