اشتہار

کورونا نے دنیا بھر میں خطرے کی گھنٹی بجادی، ایک مہینے میں ہزاروں اموات

اشتہار

حیرت انگیز

کورونا وائرس نے پھر دنیا بھر میں خطرے کی گھنٹی بجادی، گزشتہ ایک ماہ میں کورونا کے ساڑھے آٹھ لاکھ کے قریب نئے کیسز سامنے آگئے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک بار پھر سے دنیا کے مختلف ممالک میں کرونا کے کیسز سامنے آنے شروع ہوگئے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ گزشتہ چار ہفتوں میں کورونا کیسز میں 52 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس کے سبب 3 ہزار افراد کی جان جا چکی ہے۔

ڈبلیو ایچ او نے بتایا کہ گزشتہ 28 دنوں کے مقابلے ان چار ہفتوں میں اموات میں بھی 8 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ 17 دسمبر تک دنیا بھر میں کورونا کے 77 کروڑ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

- Advertisement -

عالمی ادارے نے بتایا کہ پچھلے 28 دنوں میں دنیا بھر میں 118000 افراد کو کرونا کے سبب اسپتال میں داخل کروایا گیا جس میں سے 1600 آئی سی یو میں داخل ہیں۔

ایسے مریضوں کی تعداد میں 23 فیصد اضافہ ہوا ہے جنھیں اسپتال میں داخل کرنا پڑا۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق اومیکرون کے ویرینٹ جے این.1 کی وجہ سے کورونا میں اضافہ ہوا ہے۔

دنیا بھر میں نئے ویرینٹ جے این.1 تیزی سے پھیل رہا ہے اس کے بعد ماہرین سوال کررہے ہیں کہ کیا موجودہ ویکسین اس سے بچانے کی اہلیت رکھتی ہے۔

ڈبلیو ایچ او نے اس حوالے سے کہا کہ موجودہ ویکسین میں یہ صلاحیت ہے کہ وہ جے این.1 اور سارس- سی او وی-2 کی وجہ سے ہونے والی سنگین بیماری اور موت سے لوگوں کو بچاسکے۔

عالمی ادارہ صحت نے یہ بھی بتایا کہ جے این.1 ویرینٹ کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔ ڈبلیو ایچ او نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ حفاظتی ٹیکے لگوانے، ماسک پہننے اور محفوظ فاصلہ برقرار رکھنے جیسے اصولوں پر کاربند رہیں۔

ڈبلیو ایچ او نے لوگوں سے یہ بھی کہا ہے کہ کورونا سے متاثرہ شخص سے کسی بھی طرح رابطے میں آنے کے بعد اپنا ٹیسٹ بھی کروایا جائے۔

بھارت میں بھی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 752 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ یہ 21 مئی کے بعد ایک دن میں کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

بھارت میں ایکٹیو کیسز کی تعداد 3420 ہوچکی ہے جبکہ پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 4 افراد کورونا کی وجہ سے جاں بحق ہوچکے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں