تفتان: تفتان میں قرنطینہ خیمہ بستی میں صحت کے اصولوں کی دھجیاں اڑا دی گئیں، انتظامیہ قرنطینہ میں احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کرانے میں ناکام ہوگئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق تفتان میں انتظامیہ قرنطینہ میں احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کرانے میں ناکام ہوگئی، قرنطینہ میں لوگ ماسک کے بغیر آپس میں مل رہے ہیں، قرنطینہ بستی میں دکانیں بھی کھل گئیں، غیر معیاری کھانے ملنے لگے۔
خیمہ بستی میں صفائی کا فقدان ہے، قرنطینہ بستی میں پھلوں کے ٹھیلے پر لوگوں کا رش دیکھا گیا، تفتان قرنطینہ میں کوئی روک ٹوک نہیں ہے۔
قرنطینہ کیمپ میں کرونا وائرس کے لیے طے شدہ فاصلے کے برخلاف خیمے نصب کیے گئے ہیں جس کے سبب کرونا وائرس کے خدشات بڑھنے لگے ہیں۔
مزید پڑھیں: کراچی میں کرونا وائرس کا ایک اور مریض سامنے آگیا
تفتان میں پانی بھرنے ودیگر ضروریات کے لیے احاطے سے باہر نکلنے کی بھی آزادی ہے، لوگ باہر نکل کر بغیر ماسک پہنے پانی بھررہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آیا ہے، جس کا تعلق کراچی سے ہے، ملک بھر میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 22 اور سندھ میں 15 ہوگئی ہے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے پاکستان میں بھی کچھ کیسز سامنے آئے ہیں، امید ہے کرونا وائرس پر جلد قابو پالیں گے۔