کراچی: کرونا وائرس پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے سندھ بھر کی جیلوں میں چیف سیکریٹری کو فوری طور پر ریپڈ رسپانس یونٹ قائم کرنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس کے پیش نظر چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے چیف سیکریٹری کو فوری طور پر ریپڈ رسپانس یونٹ قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام جیلوں میں فوری اسکریننگ کرائی جائے۔
چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ کا کہنا ہے کہ ہر جیل میں کم از کم 4 ٹمپریچر گن فوری پہنچائی جائیں اور جیلوں کے عملے بھی اسکریننگ کرائی جائے۔
چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے جیل ڈاکٹرز کو لمحہ بہ لمحہ قیدیوں کا معائنہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قیدی جہاں بھی ہوں اسکریننگ یقینی بنائی جائے۔
مزید پڑھیں: سندھ میں کرونا وائرس کے 41 نئے کیسز رپورٹ ، مریضوں کی تعداد 94 ہوگئی
انہوں نے کہا کہ سیکریٹری صحت، ہوم سیکریٹری کرونا سے متعلق انتظامات مکمل کریں۔
واضح رہے کہ سندھ میں ایک دن میں کرونا وائرس کے مزید 41 کیسز سامنے آگئے جس کے بعد سندھ میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 76 جبکہ ملک بھر میں 94 ہوگئی ہے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کروناوائرس کے کراچی میں 25 اورحیدرآباد میں ایک کیس ہے، جس کے بعد سندھ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 76 ہوگئی ہے، کروناوائرس کے 76 میں سے 2مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 74افراد کوآئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔