کراچی : کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے اقدامات کرتے ہوئے وزارت ہوا بازی نے فیصلہ کیا ہے کہ مسافروں کے طیارے سے نکلنے کی اجازت ہیلتھ ڈیکلیریشن فارم سے مشروط کی جائے۔
تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس سے نمٹنے کے اقدامات کے پیش نظر وزارت ہوا بازی نے مسافروں کے طیارے سے نکلنے کی اجازت ہیلتھ ڈیکلیریشن فارم سے مشروط کردی ہے۔
اس حوالے سے تمام ایئرلائنز کو واضح طور پر ایک بار پھر ہدایات جاری کردی گئی ہیں، وزارت ہوابازی نے ہدایت کی ہے کہ دوران پرواز ہی مسافروں سے فارم مکمل کروائیں، نامکمل فارم پر پرواز میں تاخیر کی ذمہ داری متعلقہ ائیرلائن پر ہوگی۔
مزید پڑھیں : کرونا وائرس ، پی آئی اے کے کپتانوں اورفضائی میزبانوں کیلئے احتیاطی تدابیر جاری
اس کے علاوہ کرونا وائرس کسے بچاؤ کیلئے پی آئی اے انتظامیہ نے کپتانوں اور فضائی میزبانوں کیلئے احتیاطی تدابیر جاری کردی ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک اپنے ہوٹلز کے علاوہ دیگر مقامات پر جانے سے گریز کریں۔
پی آئی اے کے چیف پائلٹ اسٹینڈرڈ انسپیکشن کی جانب سے جاری احکامات میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک جانے والی پروازوں کے کپتان اور فضائی عملہ احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کریں اور بیرون ملک اپنے ہوٹلز کے علاوہ دیگر مقامات پر جانے سے گریز کریں جبکہ کپتان اور عملہ ماسک اور دستانوں کا استعمال لازمی کرے۔