واشنگٹن: نہایت مہلک اور نیا وائرس کرونا امریکی صدارتی انتخابات پر بھی اثر انداز ہونے لگا ہے۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدارتی انتخابات بھی کرونا وائرس سے متاثر ہونے لگے ہیں، ریاست لوزیانا میں 4 اپریل کو ڈیموکریٹ پرائمری انتخاب ملتوی کر دیے گئے ہیں، جب کہ باقی ملک میں انتخابی مہم بھی ملتوی کی جا چکی ہے۔
ڈیموکریٹ پارٹی نے اس فیصلے سے متعلق وضاحت کی ہے کہ الیکشن ڈیوٹی پر مامور معمر کارکنوں کے تحفظ کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔ دوسری طرف جوبائیڈن اور برنی سینڈرز کے درمیان آج ہونے والے مباحثے کا مقام بھی تبدیل کر دیا گیا ہے، ڈیموکریٹ مباحثہ فینکس میں ہونا تھا تاہم اب یہ واشنگٹن ڈی سی میں ہوگا۔ سابق امریکی نائب صدر جوبائیڈن کو اب تک پرائمری انتخابات میں برتری حاصل ہے۔
کرونا وائرس نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا، 5839 ہلاکتیں ریکارڈ
ادھر برطانیہ میں کرونا وائرس کے پیش نظر لیبر پارٹی نے ہنگامی قوانین لاگو کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے، اپوزیشن رہنما جیرمی کوربن کا کہنا تھا کہ گھروں کے کرائے اور اقساط ملتوی کی جائیں، سائنس دانوں کی ہدایات کو عوام تک پہنچایا جائے، اور آئسولیشن یا بیماری کی صورت میں پوری تنخواہ دی جائے۔
خیال رہے کہ کرونا وائرس امریکا میں بھی نہایت تیزی سے پھیلتا جا رہا ہے، ہلاکتوں کی تعداد بھی بڑھتی جا رہی ہے، مزید دس ہلاکتوں کے بعد تعداد 60 ہو گئی ہے، جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 3,041 ہو چکی ہے۔ برطانیہ میں بھی وائرس سے مزید 10 افراد ہلاک ہونے کے بعد اموات کی تعداد 21 ہو گئی ہے، اور 1140 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔