کراچی: کے ایم سی نے کرونا وائرس کے سبب شہر قائد کی 3 بڑی تفریحی گاہیں بند کر نے کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میونسپل کارپوریشن (کے ایم سی) نے کرونا وائرس کے باعث کراچی کی 3 بڑی تفریحی گاہیں بند کر نے کا اعلان کر دیا۔ چڑیاگھر، لانڈھی زو، سفاری پارک کو عوام کے لیے بندکر دیا گیا۔
تفریحی مقامات مئیر کراچی وسیم اخترکی ہدایت کے بعد بند کیےگئے۔ ڈائریکٹر چڑیا گھر کا کہنا ہے کہ صورتحال سنبھلنے کے بعد تفریحی گاہوں کو دوبارہ کھولا جائے گا۔
وسیم اختر کا کہنا ہے کہ کروناوائرس کے پیش نظر تفریحی مقامات کو بند کر رہے ہیں، انسانی جانوں کا تحفظ پہلے ہے،تفریح گاہوں میں صفائی کےساتھ اسپرے بھی کیا جائےگا،تفریحی مقامات کھولنا حکومتی فیصلے سے مشروط ہے۔
کورونا وائرس : سندھ میں شادی ہالوں کو بند کرنے کی ہدایت
اس سے قبل کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ کی زیرصدارت ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں میلے، درگاہیں، شادی ہالوں کو بند کرنے کی ہدایت جاری کی۔
علاوہ ازیں سندھ حکومت کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہرممکن اقدامات اٹھا رہی اور اسی کے تحت کراچی میں 120 بستروں پر اور 16 وینٹی لیٹرز پر مشتمل اسپتال کو کرونا کے مریضوں کے لیے مختص کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کرونا سے بچاؤ کے لیے ہر ضلع میں قرنطینہ سینٹر بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔