ماسکو: روس کے شہر سینٹ پیٹرز برگ میں کرونا مریضوں کے لیے تیار کیے جانے والے اسپتال میں خوفناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں کرونا سے متاثرہ پانچ مریض ہلاک ہوگئے ۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق سینٹ پیٹرز برگ کے ضلع وبیور گسکی میں کرونا مریضوں کے لیے قائم کیے جانے والے اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں اچانک بھڑک اٹھی۔
آگ کے شعلے دیکھتے ہی دیکھتے 10 مربع میٹر کے علاقے تک پھیل گئے اور انہوں نے ہر چیز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
آتشزدگی کی وجہ سے آئی سی یو میں زیر علاج پانچ مریض ہلاک ہوئے جبکہ دیگر شعبوں سے 150 مریضوں کو باحفاظت نکالا گیا۔
مزید پڑھیں: کرونا مریضوں کے لیے مختص ہوٹل اچانک منہدم
مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق مارچ میں وسط میں اسپتال میں کرونا مریضوں کے لیے خصوصی وارڈ تیار کیا گیا تھا جس کی تزئین و آرائش کا کام حال ہی میں مکمل ہوا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ آگ لگنے کا واقعہ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے پیش آیا کیونکہ شعبے میں بجلی کے کچھ آلات کی وائرنگ بھی جلی ہے۔
الجزیرہ کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے اسپتال کے ایک ملازم نے بتایا کہ آگ لگنے کا واقعہ وینٹی لیٹر کے مسلسل استعمال کی وجہ سے پیش آیا۔