اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ ٹائیگر فورس پی ٹی آئی کی نہیں پاکستان کی فورس ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق اے آروائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے لیے پورٹل بنایا جائےگا، پورٹل میں جا کر کوئی بھی ٹائیگر فورس کے لیے رجسٹرڈ ہوسکتا ہے۔
شفقت محمود کا کہنا تھا کہ ٹائیگر فورس پی ٹی آئی کی نہیں پاکستان کی فورس ہوگی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ رقم کی تقسیم ارکان اسمبلی نہیں کریں گے، انتظامیہ پیسوں کی تقسیم کرےگی ایم این ایز،ایم پی ایز نہیں کریں گے۔
وفاقی وزیر تعلیم کا مزید کہنا تھا کہ 50 فیصد آبادی کے پاس کھانے کو نہ ہو تو لاک ڈاؤن کیسے ہوسکتا ہے۔
کرونا سے جنگ: وزیراعظم کا ریلیف فنڈ کے قیام اور ٹائیگرفورس بنانے کا اعلان
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب کے دوران کرونا سے لڑ نے کے لیے ریلیف فنڈ کے قیام اور ٹائیگر فورس بنانے کا اعلان کیا تھا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ فورس فوج اور انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرےگی، جن علاقوں کو لاک ڈاؤن کریں گے ٹائیگر فورس کے رضا کار وہاں راشن پہنچائیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کے خلاف جنگ وسائل سے نہیں جیتی جاسکتی،کرونا وائرس کے خلاف جنگ متحد ہو کر حکمت سے جیتی جاسکتی ہے، وسائل نہ ہونےکی وجہ سے ٹائیگر فورس کو استعمال کریں گے۔