اسلام آباد: پاکستان میں سرکاری و نجی اداروں کے ملازمین کے لیے کرونا ویکسینیشن لازمی قرار دے دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے تمام سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین کے لیے کرونا وائرس کے خلاف ویکسینیشن لازمی قرار دے دی ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 30 جون تک پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر تمام ملازمین کو ویکسینیشن یقینی بنانے کے پابند ہوں گے، اور اجلاس کے فیصلوں پر 15 جون سے اطلاق شروع ہوگا۔
این سی او سی اجلاس میں آج بدھ کو بڑے فیصلے کیے گئے، تاجروں کا مطالبہ تسلیم کر لیا گیا، کاروبار ہفتے میں 2 کی بجائے ایک دن بند رکھا جائے گا، اور دن کا فیصلہ صوبے اپنی مرضی سے کریں گے۔
کورونا پابندیوں میں نرمی ، 11جون سے 18سال سے زائدعمر والوں کی واک ان ویکسینیشن کا اعلان
بین الصوبائی ٹرانسپورٹ ہفتے میں 2 دن بند رکھنے کی پابندی بھی ختم کر دی گئی، پبلک ٹرانسپورٹ میں 50 کی بجائے 70 فی صد مسافر بٹھانے کی اجازت دے دی گئی، دفاتر میں سو فی صد ملازمین بلانے کی اجازت بھی دے دی گئی۔
مزارات اور سینما ہالز پر پابندی برقرار رہےگی، 11 جون سے 18 سال سے زائد عمر کے افراد کی واک ان ویکسینیشن ہوگی، اتوار کے علاوہ تمام ویکسینیشن سینٹر صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے، جمعے کو بھی مراکز کھلے رہیں گے صرف اتوار کو بند ہوں گے۔