مظفرآباد: آزاد کشمیر میں بھی ایک شہری نے کروناوائرس کو شکست دے دی۔
تفصیلات کے مطابق ڈی ایچ او میرپور ڈاکٹر فدا حسین راجہ کا کہنا ہے کہ آزادکشمیر میں کرونا کا پہلا مریض صحتیاب ہوگیا، صحتیاب مریض کو کل ڈسچارج کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کرونا سے صحتیاب مریض کا تعلق پلندری سے ہے، مریض کے 31 مارچ، یکم اپریل کو کرونا کے ٹیسٹ کرائے گئے تھے، کرونا کا مریض 15مارچ کو ایران سے آیا تھا۔
ڈی ایچ اومیرپور نے بتایا کہ مریض کے ہمراہ آنے والے چار زائرین کو قرنطینہ میں رکھا گیا تھا، چار زائرین کو کل قرنطینہ سے گھر بھجوایا جائے گا، کرونامریضوں کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
پاکستان میں کرونا مریضوں کی تعداد 2400 سے تجاوز کرگئی
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے ہلاکت خیز وائرس میں مبتلا مریضوں کے اعداد و شمار جاری کر دئیے، جس میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں کرونا کیسز کی تعداد 2450 ہوگئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے بتایا کہ پاکستان میں چوبیس گھنٹوں کے دورا 66 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں سب سے زیادہ کيسز 920 جبکہ سندھ میں تعداد 783 ہوگئى، خیبرپختونخوا میں 311، بلوچستان میں 169 ، اسلام آباد میں 98 ، آزاد کشمیر میں 9 اور گلگت بلتستان میں 190 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔