جمعرات, فروری 6, 2025
اشتہار

رمضان شوگر ملز ریفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز بری

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : رمضان شوگر ملز ریفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو بری کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کی اینٹی کرپشن نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں وزیراعظم شہبازشریف اور سابق وزیراعلیٰ حمزہ شہباز شریف کی بریت کی درخواست پر فیصلہ سنادیا۔

عدالت نے فیصلے میں وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو بری کر دیا اور کہا مقدمہ کا مدعی اس کیس سے دستبردار ہو چکا ہے ، اس کیس میں ملزمان کو سزا کا امکان نہیں۔

اینٹی کرپشن عدالت کا کہنا تھا کہ اب اس کیس کو مزید چلانے کا کوئی فائدہ نہیں ، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی بریت کی درخواست منظورکی جاتی ہے۔

یاد رہے عدالت نے 3 فروری کو شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

مزید پڑھیں : رمضان شوگر ملز کیس میں اہم پیش رفت ، مدعی بیان سے منحرف ہو گیا

وکیل امجد پرویز نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ نالے کی تعمیر کی ہدایت اُس وقت کے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے نہیں کی تھی، نالے کی تعمیر کی منظوری پنجاب کابینہ نے دی، اور اسے علاقے کی بہتری کے لیے بنایا گیا تھا، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف مقدمہ سیاسی بنیادوں پر قائم کیا گیا۔

اس سے قبل رمضان شوگر ملز ریفرنس میں مدعی بیان سے منحرف ہو گیا تھا، مدعی ذوالفقار عدالت میں بیان حلفی دیتے ہوئے کہا تھا کہ رمضان شوگر ملز گندہ نالہ تعمیر سے قومی خزانہ کو نقصان نہیں ہوا، میں نے رمضان شوگر ملز کیخلاف ایسی کوئی درخواست دائر نہیں کی۔

واضح رہے کہ شہباز شریف پر الزام تھا کہ انہوں نے بطور وزیراعلی قومی خزانے سے رمضان شوگر ملز کے لیے گندہ تالہ تعمیر کروایا اور نالہ کی تعمیر سے قومی خزانے کو اکیس کروڑ تیس لاکھ کا نقصان ہوا ۔

نیب نے 2018 میں انکوائری شروع کی بعد ازاں 2019 میں ریفرنس دائر کیا گیا، اس کیس کیس میں وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو گرفتار بھی کیا گیا جنھیں بعد اَزاں ہائی کورٹ نے ضمانت پر رہا کیا ۔

بعد ازاں 2024 میں نیب ترامیم کے بعد احتساب عدالت نے دائرہ اختیار نہ ہونے کے باعث کیس اینٹی کرپشن کو بھجوا دیا تھا۔

اہم ترین

عابد خان
عابد خان
عابد خان اے آروائی نیوز سے وابستہ صحافی ہیں اور عدالتوں سے متعلق رپورٹنگ میں مہارت کے حامل ہیں

مزید خبریں