ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

منی لانڈرنگ کیس : مونس الہی کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کالعدم قرار

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : خصوصی عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں مونس الٰہی کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کالعدم قرار دے دی۔

تفصیلات کے مطابق اسپیشل کورٹ سینٹرل میں چوہدری پرویزالٰہی ودیگرکیخلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ چالان کدھر ہے، پراسیکیوٹر نے بتایا کہ 2 ملزم اشتہاری ہیں ان کے ایڈریس پیش کرر ہے ہیں، ماتحت عدالت سے 2 ملزموں کے وارنٹ گرفتاری لئے گئے تھے ، جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ ماتحت عدالت کا کیا تعلق ہے چالان یہاں اوراشتہاری ماتحت عدالت سےکروارہے ہو۔

فاضل جج نے استفسار کیا کہ مقدمہ کب درج ہوا ؟ تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزموں کیخلاف 5 جون کو مقدمہ درج کیا گیا، جس پر عدالت نے کہا کہ آج کیا تاریخ ہو گئی ہے، تاخیر کا ذمہ دار کون ہے۔

پراسیکیوٹر نے بتایا کہ بیرون ملک فرار ملزموں کے غیر ملکی ایڈریس پیش کر دیئے ہیں، نوٹس جاری کر دیں، جس پر عدالت کا کہنا تھا کہ پہلے بھی ملزموں کو طلب نہیں کیا گیا، نہ وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے، مونس الٰہی کیس میں اشتہاری قرار دینے کی ساری کارروائی غیر قانونی کی گئی۔

پراسیکیوٹر نے بتایا کہ شریک ملزموں کی عبوری ضمانتوں کو ابھی چیلنج کرنے کا عمل جاری ہے تو فاضل جج نے کہا کہ آپ لوگوں کو پتہ ہی نہیں ہے، بس پرویز الٰہی کی فکر ہے، جس طرح ملزموں کو اشتہاری قرار دیا گیا کیا وہ عمل قابل وضاحت ہے۔

پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے نے ملزموں کو قانونی طور پر اشتہاری نہیں کروایا، عدالت نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا تو پھر انکے خلاف آپ کیا سفارش کریں گے، جس پر پراسیکیوٹر نے کہا کہ میں تو عدالت سے رحم کرنے کی سفارش کروں گا۔

عدالت نے سوال کیا کہ قانون میں کہاں رحم کا لکھا ہے؟ عدالت نے ڈی ایس پی لیگل سے استفسار کیا کہ پرویز الٰہی کو پیش کرنے کی منظوری ہوئی تھی کیا؟ تو ڈی ایس پی لیگل نے بتایا کہ سر جیل حکام نے پیش کرنا تھا، پولیس نے تو پیش نہیں کرنا تھا۔

جو بھی یہاں آتا ہے، جھوٹ ہی بولنے آتا ہے، اس ساری کارروائی پر مناسب حکم جاری کروں گا، ایف آئی اے نے شریک ملزموں کواشتہاری قراردینےکی کارروائی غیرقانونی تسلیم کرلی۔

جس کے بعد عدالت نے مونس الٰہی کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کالعدم کر دی اور ایف آئی اے سے ملزموں کی طلبی کے نوٹسز پر عمل کی رپورٹ طلب کرلی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں