کراچی : جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی میڈیا پر دعا زہرا کا نام اور تصویر نشر کرنے پر پابندی عائد کردی۔
تفصیلات کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں لاہور جا کر پسند کی شادی کرنے والی لڑکی دعا زہرا کے مبینہ اغوا کیس کی سماعت ہوئی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے میڈیا پر دعا زہرا کے نام اور تصویر نشر کرنے پر پابندی عائد کردی۔
عدالت نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بھی لڑکی سے متعلق مواد شائع کرنے پر پابندی ہوگی اور خلاف ورزی کی صورت میں پیمرا اور پی ٹی اے کو کارروائی کا حکم دے دیا۔
ظہیر کے وکیل کی جانب سے لڑکی کے بیان قلمبند کرنے کی درخواست دائر کی گئی، درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالت کے روبرو لڑکی کا 164 کا بیان ریکارڈ کیا جائے۔
یاد رہے گذشتہ ہفتے بھی جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کے سامنے پیشی پر ظہیر کے وکلا نے دعا زہرا کا 164 کا اعترافی بیان قلم بند کرنے کی استدعا کی تھی، تاہم دعا زہرا کے والدین نے مخالفت کی کہ لڑکی کی عمرکم ہے۔
واضح رہے کہ دعا زہرا کے شوہر ظہیر نے اپنے خلاف مقدمہ ختم کرنے کی درخواست بھی سندھ ہائی کورٹ میں دائر کر رکھی ہے۔