منگل, فروری 11, 2025
اشتہار

پارک لین ریفرنس ،آصف زرداری کی ریفرنس خارج کرنے کی درخواست مسترد، فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری کی ریفرنس خارج کرنےکی درخواست مسترد کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر آصف زرداری اورفریال تالپور پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں آصف علی زرداری کیخلاف پارک لین ریفرنس کی سماعت ہوئی، سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے بریت اور ریفرنس خارج کرنے کی درخواست واپس لے لی گئی۔

نیب کی جانب سے آصف زرداری کی بریت درخواست خارج کرکے فردجرم عائد کرنے کی استدعا کی گئی ہے، وکیل نیب سردار مظفر عباسی نے کہا ہے کہ دلائل مکمل ہونےکے بعد آصف زرداری درخواست واپس نہیں لے سکتے، ملزم جان بوجھ کر تاخیری حربے استعمال کررہا ہے۔

سردار مظفر عباسی کا کہنا تھا کہ ایک ماہ فردجرم مؤخر کراکے آج جواب الجواب پردرخواست واپس لے رہے ہیں، جس پر وکیل آصف زرداری نے کہا پارک لین ریفرنس نیب قانون نہیں بلکہ مالیاتی قوانین کا کیس ہے۔

عدالت نے آصف زرداری کی ریفرنس خارج کرنے اور نیب کے دائرہ اختیار سےمتعلق درخواست مسترد کردی ، احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے محفوظ فیصلہ سنایا۔

احتساب عدالت نے آئندہ سماعت پر آصف زرداری اورفریال تالپور پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

یاد رہے پارک لین ریفرنس نیشنل بینک کے 2سابق صدور علی رضا اور سید قمر حسین آصف زرداری کیخلاف وعدہ معاف گواہ بن گئے تھے، نیب نےوعدہ معاف گواہان کو قانون کے مطابق گواہی دینے پر معاف کر دیا تھا۔

نیب نے آصف علی زرداری کیخلاف پارک لین ریفرنس میں 61 گواہان تیار کرلئے، جن میں نیشنل بینک کریڈٹ کمیٹی کے تمام افسران، نیب راولپنڈی تفتیشی ٹیم کے 9 افسران، جعلی اکاؤنٹس کی ابتدائی تفتیش کرنیوالے ایف آئی اے کے محمد علی ابڑو بھی گواہان میں شامل ہیں جبکہ قرض لینےوالی مبینہ فرنٹ کمپنی پارتھینون کےکمپیوٹر آپریٹرکی گواہی بھی شواہد کا حصہ ہیں۔

خیال رہے پارک لین ریفرنس میں آصف زرداری،اسلم مسعود، عبدالغنی مجید، انور مجید اور دیگر ملزم نامزد ہیں، ملزمان پر پارک لین کی کمپنی کے نام پر نیشنل بینک سے ڈھای ارب سے زیادہ کے قرض غبن کا الزام ہے جبکہ آصف زرداری کوپارک لین کا25فیصد شئیر ہولڈر ہونے پر ملزم نامزد کیا گیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں