لاہور: احتساب عدالت نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز کی مستقل حاضری معافی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے نصرت شہباز کو اشتہاری قرار دینے کے لئے کارروائی شروع کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کی احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں اپوزیشن شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہبازکی مستقل حاضری کی درخواست پر فیصلہ سنادیا۔
فیصلے میں عدالت نے شہباز شریف کی اہلیہ کی مستقل حاضری کی درخواست مسترد کردی اور نصرت شہباز کو اشتہاری قرار دینے کیلئے کارروائی شروع کرنے کا حکم دیا۔
احتساب عدالت نے شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔
مزید پڑھیں : شہباز شریف کی بیٹی کو اشتہاری قرار دینے کا نوٹس گھر اور عدالت کے باہر آویزاں
خیال رہے نصرت شہباز نے مستقل حاضری معافی کی درخواست دائرکی تھی، عدالت نے فریقین وکلا کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر رکھا تھا۔
یاد رہے احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں بار بار طلبی کے باوجود عدم پیشی پر شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا آغاز کیا تھا ، جس کے بعد بیٹی کے گھر ،عدالت کے باہر نوٹس آویزاں کردیے گئے تھے۔
احتساب عدالت کے ایڈمن جج جواد الحسن نے درخواست پر فیصلہ سنا دیا۔ عدالت نے نصرت شہباز کی مستقل حاضری معافی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اسے آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔ نصرت شہباز نے منی لانڈرنگ ریفرنس میں مستقل حاضری معافی کی درخواست دائر کی تھی۔ عدالت نے نصرت شہباز کو اشتہاری قرار دینے کے لئے کارروائی شروع کرنے کا بھی حکم دیدیا ہے