لاہور : سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے لاہور ہائی کورٹ کو اپنے خدشات سے آگاہ کردیا، ان کا کہنا تھا کہ مجھے وہاں بلایا جارہا ہے جہاں میرے قتل کا جال بچھایا گیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی اپنے خلاف متعدد مقدمات میں حفاظتی ضمانت کے لیے عدالت پہنچے، جسٹس طارق سلیم شیخ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے بینچ کی سماعت کی، اس موقع پر عمران خان عدالت کے روبرو حاضر ہوئے۔
عدالت نے عمران خان سے مکالمہ کیا کہ آپ کو ایک سمن آیا مگر اس پرعمل نہیں ہوسکا؟ جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہماری تو تحریک ہی انصاف کے نام سے ہے، میری ضمانت میں 4دن رہتے ہیں اور یہ گرفتار کرنے آجاتے ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ یہ لوگ مجھے گرفتار کرکے اسلام آباد نہیں بلکہ بلوچستان لے جاتے اور جس عدالت میں بلایا جارہا ہے وہاں میرے قتل کا جال بچھایا گیا ہے، وہاں تو دہشت گردی کے واقعات ہوئے، ججز بھی قتل ہوئے۔
سابق وزیر اعظم کا عدالت میں کہنا تھا کہ ہمیں ان پر اعتماد نہیں، پہلے بھی اعظم سواتی اور شہبازگل کو اٹھا کر بہیمانہ تشدد کیا گیا، میرے گھر پرحملہ کیا گیا، پولیس ایسے آئی جیسے کشمیر فتح کرنے آئی ہو، انہوں نے کہا کہ یقین ہے کہ یہ مجھے گرفتار کرکے اسلام آباد نہیں بلکہ بلوچستان لے جاتے۔